آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے بجٹ پر اعتراضات کے ساتھ ہی بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے ڈیفالٹ کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار متعدد بار یہ دعوی کر چکے ہیں کہ پاکستان اپنی تمام تر ادائگیاں وقت پر ممکن بنائے گا۔ لیکن بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق موڈیز کی تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ اس امکان میں اضافہ ہو رہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام مکمل نہیں کر پائے گا۔ معاشی امور کی ماہر ثنا توفیق کا کہنا ہے ڈیفالٹ کا خدشہ موجود تو ہے تاہم حکومت کے پاس فی الحال چند راستے موجود ہیں۔ وفاقی بجٹ پر آئی ایم ایف کے اعتراضات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'بجٹ کا جائزہ لیں تو ٹیکس اکھٹا کرنے کے لیے سارے ایسے اقدامات لے گئے جو پہلے ہی تھے، ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا جس سے پتا چلے کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھایا جائے گا اور آئی ایم ایف کا یہی اعتراض ہے۔' انھوں نے کہا کہ 'اس وقت خدشہ یہ ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ تاخیر کا شکار ہو گا جبکہ وقت کم ہے۔ کوئی درمیانی راستہ نکالنا پڑے گا جو اس لیے مشکل ہے کیونکہ وقت کم ہے۔'
ثنا توفیق کے مطابق آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں 'یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس کے بغیر فنانسنگ کہاں سے ہو گی اور اب تک حکومت کی جانب سے کوئی پلان بی نظر نہیں آ رہا۔' 'متبادل یہ ہے کہ واجب الادا قرضے کی ری سٹرکچرنگ قرضے ہو یا ری پروفائلنگ ہو۔ اس طریقے میں ایک سال کے شارٹ ٹرم قرضے کو کھینچ کر تین سال تک کے لیے لے جایا جاتا ہے اور وہ ایک بہتر راستہ ہے۔ اس سے سانس لینے کی جگہ ملتی ہے۔' 'دوسرا ذریعہ کرنٹ اکاوئنٹ ہے۔ اگر حکومت خسارے سے بچے، امپورٹ کو کم رکھا جائے اور ایکسپورٹ کو بڑھانے کی کوشش کی جائے تو وقت حاصل کیا جا سکتا ہے لیکن ایسا ہونا موجودہ عالمی حالات میں ایک مسئلہ ہے۔' ثنا توفیق کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں حکومت اسی طرح معاشی میدان کنٹرول کرنے کی کوشش کرے گی۔ 'لیکن دوسری جانب اگر سیاسی حکومت کی جگہ نگران حکومت آتی ہے تو ان کے لیے ایک چیلنج ہو گا کہ وہ دو سے تین ماہ کیسے گزارتے ہیں، لگ رہا ہے کہ یہ سارا دباؤ نگران حکومت پر پڑنے والا ہے۔' 'اور یہ دیکھنا ہو گا کہ نگران حکومت کے ساتھ کریڈیٹرز بات چیت کرتے ہیں یا نہیں۔ اگر یہ معاملات مینیج نہیں ہو سکے، تو پھر بات ڈیفالٹ کی طرف جا سکتی ہے۔'
زبیر اعظم
بشکریہ بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
No comments:
Post a Comment